ملک میں مسلسل پانچویں روز بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا گیا جس کے بعد عوام پر مہنگائی کا ایک اور بوجھ ڈال دیا گیا۔ وزارتِ پیٹرولیم نے نئی قیمتوں کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 3 روپے 66 پیسے اضافہ کیا گیا ہے جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 335 روپے 18 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں فی لیٹر 4 روپے 80 پیسے کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد ڈیزل 383 روپے 47 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا۔
یہ مسلسل پانچواں روز ہے جب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا جس سے ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش اور دیگر ضروریاتِ زندگی مزید مہنگی ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔
وزارتِ پیٹرولیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر کر دیا گیا ہے جو کل رات 12 بجے تک ہو گا۔ اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے اثرات آنے والے دنوں میں مہنگائی کی مجموعی شرح پر بھی پڑ سکتے ہیں۔

















