راولپنڈی: جنوبی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز نے چیک پوسٹ پر ہونے والی دہشت گردوں کی حملے کی کوشش بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنادی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 25 جولائی کو بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے جنوبی وزیرستان میں قائم سیکیورٹی فورسز کی ایک چیک پوسٹ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تاہم اہلکاروں نے بروقت اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنادیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دھماکا خیز مواد سے بھری دہشت گردوں کی گاڑی کو چیک پوسٹ کی حدود سے باہر ہی تباہ کردیا گیا جس کے نتیجے میں خودکش حملہ آور سمیت چار دہشت گرد مارے گئے جب کہ چیک پوسٹ مکمل طور پر محفوظ رہی اور اسے کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کارروائی کے دوران سیکیورٹی اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزید تین دہشت گردوں کو قریبی عمارت میں محصور کردیا، جنہیں بعد ازاں کلیرنس آپریشن کے دوران ہلاک کردیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم خارجی دہشت گردوں کے مکمل خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا خاتمہ یقینی بنایا جاسکے۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ وژن عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک بھر میں انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری شدت سے جاری رکھے ہوئے ہیں اور غیر ملکی سرپرستی و معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ آپریشن بلا تعطل جاری رہیں گے۔

















