سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں مشترکہ آپریشنز کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے 32 دہشت گردوں کو جہنم واصل کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں جامع مشترکہ کارروائیاں جاری ہیں۔
سیکیورٹی فورسز نے 28 اور 29 جولائی کی درمیانی شب خیبر میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر متعدد علاقے کلیئرنس اور تارگٹڈ آپریشنز کیے جن میں دہشت گردوں کے مختلف ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ خیبر میں کی جانے والی کارروائیوں میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 24 دہشت گرد ہوئے جبکہ بلوچستان کے ضلع نوشکی میں بھی متعدد انٹیلی جنس بیسڈ کارروائیاں کی گئیں جس دوران نوشکی میں شدید جھڑپ کے بعد فتنہ الہندستان سے تعلق رکھنے والے 8 دہشت گرد جہنم واصل کیے گئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے زیرِ استعمال اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد بھی برآمد ہوا جبکہ خیبر اور نوشکی میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا ہے کہ وژن عزمِ استحکام کے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز مہم پوری رفتار سے جاری رہیں گی، بیرونی سرپرستی اور معاونت سے چلنے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

















