اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے کویت کے وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں پاک کویت تعلقات، باہمی تعاون اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزرائے دفاع، تجارت، قومی غذائی تحفظ و تحقیق، مواصلات، بحری امور اور پیٹرولیم، وزیراعظم کے مشیر اور حکومت کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے کویتی وزیر خارجہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے امیرِ کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات مشترکہ اقدار اور باہمی اعتماد پر استوار ہیں اور دونوں ممالک نے ہر مشکل اور ہر خوشی کے موقع پر ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔
علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کویت کی قیادت اور عوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا اور جاری تنازع کے دوران کویت اور دیگر برادر خلیجی ممالک پر ہونے والے حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے ایک دیانت دار اور مخلص ثالث اور سہولت کار کے طور پر اپنا کردار ادا کررہا ہے اور ان کوششوں کی حمایت پر کویتی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، زراعت، اطلاعاتی ٹیکنالوجی، بحری امور اور افرادی قوت کی ترقی سمیت مختلف شعبوں میں کویت کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے پاکستانی برادری کی میزبانی پر کویتی حکومت کو سراہا اور کویت کی سماجی و معاشی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
کویتی وزیر خارجہ نے وزیراعظم کو کویتی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام پہنچایا اور باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم نے موجودہ بحران کے حل اور خطے میں امن کی بحالی کے لیے پاکستان، وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی کوششوں کو سراہا جب کہ کویت کے ساتھ یکجہتی پر پاکستان کی قیادت اور عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر مسلسل مشاورت اور قریبی روابط جاری رکھنے پر زور دیا اور مستقبل قریب میں اعلیٰ سطحی وفود کے تبادلے پر اتفاق کیا۔ وزیراعظم نے ایک بار پھر کویت کے ولی عہد کو پاکستان کے سرکاری دورے کی دعوت کا اعادہ بھی کیا۔
فیلڈ مارشل سے ملاقات
دوسری جانب آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے بھی کویتی وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کویتی وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے پاکستان کی مسلسل حمایت اور دونوں ممالک کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کی تعریف کی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور کویت علاقائی امن و خوشحالی کے لیے مشترکہ وژن رکھتے ہیں جب کہ پاکستان کویت کے ساتھ اپنے تعمیری تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔















