Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آزاد کشمیر انتخابات: ایم کیو ایم پاکستان نے مسلم لیگ (ن) کو حمایت کی یقین دہانی کرادی

ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے تمام ضلعی صدور، جنرل سیکرٹریز اور دیگر عہدیدار شریک۔

کراچی: آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے سینئر مرکزی رہنما انیس قائم خانی سے مسلم لیگ (ن) سندھ کے وفد کی ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان نے حمایت اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرادی۔

ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد میں ہونے والی ملاقات میں مسلم لیگ (ن) سندھ کے سینئر نائب صدر علی اکبر گجر ایڈووکیٹ کی سربراہی میں وفد نے شرکت کی۔

وفد میں حلقہ ایل اے 40 ویلی سے مسلم لیگ (ن) کے نامزد امیدوار نعیم خان ایڈووکیٹ اور کراچی ڈویژن کے صدر سلمان خان بھی شامل تھے۔

ملاقات کے دوران مسلم لیگ (ن) کے وفد نے 2 اگست کو ہونے والے آزاد کشمیر اسمبلی کے انتخابات کے حوالے سے اپنے امیدوار کی حمایت اور تعاون کی درخواست کی جب کہ دونوں جانب سے انتخابات سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔

اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما انیس قائم خانی نے مسلم لیگ (ن) کے وفد کو مکمل تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنما و انچارج سی او سی فرقان اطیب، جوائنٹ انچارج ابو الاظہر چاند، انچارج متحدہ آرگنائزنگ کمیٹی شکیل عباسی ایڈووکیٹ، کشمیر آرگنائزنگ کمیٹی کے انچارج معروف حسین اور دیگر مرکزی ذمہ داران بھی موجود تھے۔

علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کراچی ڈویژن کے تمام ضلعی صدور، جنرل سیکرٹریز اور دیگر عہدیداروں نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔

متعلقہ خبریں