بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام بنا دی انٹیلی جنس بنیادوں پر کیے گئے آپریشن میں 4 دہشت گرد ہلاک جبکہ بارودی مواد سے بھری دو گاڑیاں تباہ کردی گئیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا، جہاں “فتنہ الہندوستان” سے وابستہ دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد بڑے پیمانے پر تباہی پھیلانے کے لیے بارودی مواد سے تیار کی گئی دو گاڑیوں کے ذریعے کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ان کی نقل و حرکت کو روک دیا۔
فورسز کی مؤثر کارروائی کے نتیجے میں دونوں بارودی گاڑیاں تباہ کردی گئیں جبکہ ان میں سوار چاروں دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق علاقے میں موجود دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک میں غیر ملکی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مسلسل کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، اور دہشت گرد عناصر کے خلاف کارروائیاں آخری دہشت گرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔















