ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی کشیدگی کے دوران ایک اور بڑا دعویٰ سامنے آگیا ایرانی پاسداران انقلاب نے اردن میں موجود امریکی اڈے کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق پاسداران انقلاب نے کہا کہ اس کے ایرو اسپیس فورسز نے اردن کے مشرقی صحرا میں واقع الازرق ایئر بیس کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا، جہاں امریکی ایف-35 جنگی طیارے موجود تھے۔
پاسداران انقلاب کے دعوے کے مطابق حملے میں تین ایف-35 طیارے مکمل طور پر تباہ ہوئے جبکہ مزید تین طیاروں کو شدید نقصان پہنچا۔ ایرانی بیان میں یہ بھی دعویٰ کیا گیا کہ حملے میں متعدد فوجی افسران، تکنیکی اور دیکھ بھال کے عملے کے اہلکار ہلاک ہوئے۔
پاسداران انقلاب نے کہا کہ یہ کارروائی ایران کے جزیرہ قشم پر امریکی حملے کے جواب میں کی گئی، جہاں ایک میزائل حملے میں ایک گھر کو نقصان پہنچنے اور دو افراد کے زخمی ہونے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔
دوسری جانب اردن کی فوج نے کہا ہے کہ اس نے ایران کی جانب سے داغے گئے پانچ میزائلوں کو روک کر تباہ کردیا۔ اردن کے مطابق یہ مسلسل چوتھا دن ہے جب ایسے واقعات پیش آئے ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ سینٹکام کے مطابق امریکی افواج نے ایران کے خلاف کارروائیاں کیں، جنہیں واشنگٹن نے مشرق وسطیٰ میں امریکی فورسز پر مبینہ ایرانی حملوں کے جواب میں قرار دیا۔
تاہم ایف-35 طیاروں کی تباہی سے متعلق ایرانی دعوے کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوسکی۔ جبکہ امریکی سینٹرل کمانڈ نے بھی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اس دعوے کی تردید کی ہے۔




















