Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

خضدار آپریشن پر صدر اور وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو زبردست خراجِ تحسین

پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے کی ہر مذموم کوشش کو ناکام بنایا جائے گا

بلوچستان کے ضلع خضدار میں دہشت گردی کی بڑی کوشش ناکام بنانے پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے خضدار میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کامیاب آپریشن کو سیکیورٹی فورسز کی اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ بارود سے بھری دو گاڑیوں کو تباہ کرکے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بنانا قابلِ ستائش ہے۔

صدر زرداری کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر کے ناپاک عزائم ناکام بنانے پر قوم کو اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز پر فخر ہے، جبکہ ملک میں بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں۔

دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی خضدار آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چار دہشت گردوں کو ہلاک کرنا اور بارودی مواد سے بھری دو گاڑیوں کو بروقت تباہ کرنا فورسز کی پیشہ ورانہ مہارت، جرات اور بروقت کارروائی کا ثبوت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گردی پھیلانے کی ہر مذموم کوشش کو ناکام بنایا جائے گا اور ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں پوری قوت سے جاری رہیں گی۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور وطن کے امن، استحکام اور سلامتی کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

متعلقہ خبریں