اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ کشمیر کے عوام نے نواز شریف کے وژن کو ووٹ دیا، عوامی مینڈیٹ سے ترقی کی نئی منازل طے کریں گے۔
وفاقی وزیر امیر مقام کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں انتخابات کا دوسرا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے جس میں 20 نشستوں پر انتخابات ہوئے، مظفرآباد میں 9 میں سے 7نشستوں پر انتخابات مکمل ہوگئے ہیں جبکہ ایل اے 27 میں خراب موسم کے باعث انتخابات ملتوی ہوا۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے 13 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے، مظفرآباد کی 7 میں سے4 نشستوں پر پاکستان مسلم لیگ ن کامیاب ہوئی جبکہ پیپلزپارٹی نے دوسرےمرحلے میں 3نشستیں حاصل کی ہیں، کل صبح انتخابی عمل شروع ہوتے ہی پیپلزپارٹی نےدھاندلی کا واویلا مچانا شروع کردیا۔
انکا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں شفاف انتخابات ہوئے، مجموعی طور پر 12 مہاجر نشستوں میں سے 10 سیٹوں پر مسلم لیگ ن کامیاب ہوئی، ن لیگ نے آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے سادہ اکثریت حاصل کرلی ہے، قانون ساز اسمبلی کی 45 نشستوں میں سے 23 نشستوں پر مسلم لیگ ن کامیابی سمیت لی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کے عوام نے نواز شریف کے وژن کو ووٹ دیا، تمام کامیاب امیدواروں کو مسلم لیگ ن کی قیادت کی جانب سےمبارکباد دیتے ہیں، آزادکشمیر میں عوامی مینڈیٹ سےترقی کی نئی منازل طے کریں گے، جموں وکشمیر کے تمام نظریاتی، مالیاتی اور سیاسی مسائل کو حل کریں گے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ انتخابات کے تیسرے مرحلے کے فوری بعد پارلیمانی پارٹی کا اجلاس بلایا جائے گا، آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن تمام وعدے پورے کرے گی، نواز شریف کشمیریوں سے کیا گیا ہر وعدہ پورا کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن نے بنا کسی الزام تراشی کے انتخابی مہم چلائی، آزاد کشمیر میں آزادانہ، منصفانہ اور شفاف الیکشن ہوئے، عوام کو حق رائے دہی استعمال کرنے کا کھل کرموقع ملا۔
















