وزیراعظم محمد شہباز شریف اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ سعودی عرب پہنچ گئے جہاں سعودی حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کی دعوت پر سعودی عرب کے دورے پر جدہ پہنچے ہیں۔
جدہ پہنچنے پر مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ سعود بن مشال بن عبدالعزیز، سعودی وزیر زراعت، پانی و ماحولیات انجینئر عبدالرحمن بن عبدالمحسن الفضلی، پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق اور دیگر اعلیٰ سفارتی حکام نے وزیراعظم اور پاکستانی وفد کا استقبال کیا۔
وزیراعظم کے دورے کے دوران سعودی ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان سے اہم ملاقات ہوگی، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات، دوطرفہ تعاون، سرمایہ کاری، تجارت، معیشت اور علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنے پر بھی گفتگو متوقع ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف دورہ سعودی عرب کے دوران عمرہ کی ادائیگی کریں گے، جبکہ مدینہ منورہ میں روضہ رسول ﷺ پر حاضری بھی دیں گے۔
وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ سطحی پاکستانی وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی شامل ہیں۔
















