اسلام آباد: جماعت اسلامی آج پیٹرولیم مصنوعات پر عائد لیوی، دیگر ٹیکسز، بجلی کے نرخوں اور مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاج کرے گی۔
جماعت اسلامی کے مطابق ملک بھر کے 170 اضلاع میں 510 مقامات پر دھرنے اور احتجاجی مظاہرے ہوں گے جس کے باعث کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، کوئٹہ اور دیگر شہروں میں متعدد اہم شاہراہیں بند رہیں گی۔
جماعت اسلامی کے مطابق احتجاج نمازِ جمعہ کے بعد شروع ہوگا اور رات 8 بجے تک جاری رہے گا۔ احتجاج کے دوران ملک بھر میں 510 مقامات پر شاہراہیں بند کی جائیں گی تاہم ایمرجنسی گاڑیوں، خصوصاً ایمبولنس کو گزرنے کی اجازت ہوگی۔
کراچی سمیت سندھ کے مقامات
کراچی میں مرکزی ریلی کا آغاز مزارِ قائد سے ہوگا جب کہ شہر کے مختلف علاقوں سے نکلنے والی ریلیاں مزارِ قائد پہنچیں گی۔
ترجمان جماعت اسلامی سندھ کے مطابق کراچی میں شاہراہ فیصل، شاہراہِ پاکستان، ناگن چورنگی سے یو پی موڑ، پاور ہاؤس چورنگی، ڈیفنس ویو، شاہراہِ اورنگی، سہراب گوٹھ، سپر ہائی وے اور نیشنل ہائی وے سمیت مختلف مقامات پر احتجاج ہوگا جب کہ سندھ کے 10 بڑے اضلاع میں بھی دھرنے اور مظاہرے کیے جائیں گے۔
اسلام آباد سمیت پنجاب کے مقامات
اسلام آباد میں 26 نمبر چونگی پر دھرنا دیا جائے گا۔ راولپنڈی میں لیاقت باغ کے باہر احتجاج ہوگا جب کہ لاہور میں قرطبہ چوک اور مزنگ چونگی مرکزی دھرنا گاہیں ہوں گی۔ مختلف علاقوں سے نکلنے والی ریلیاں ان مقامات پر پہنچیں گی۔
پنجاب میں مین جی ٹی روڈ پر بھی احتجاج ہوگا جب کہ جنوبی پنجاب کی مختلف مرکزی شاہراہوں پر مظاہرے کیے جائیں گے۔ ملتان میں چونگی نمبر 6 اور بوسن روڈ احتجاج کے اہم مقامات ہوں گے۔
خیبرپختونخوا
پشاور میں موٹروے ٹول پلازہ اور دیگر مرکزی شاہراہوں پر احتجاج کیا جائے گا جب کہ موٹر ویز کے آغاز کے مقامات پر بھی دھرنے دیے جائیں گے۔ سوات میں چکدرہ اور کرک میں انڈس ہائی وے بند کی جائے گی۔
بلوچستان
بلوچستان میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سمیت 18 مختلف مقامات پر احتجاج ہوگا۔ کوئٹہ میں میاں غنڈی روڈ پر دھرنا دیا جائے گا۔
جماعت اسلامی کے مطابق ملک گیر احتجاج مہنگائی، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے، لیوی اور دیگر ٹیکسز کے خلاف کیا جا رہا ہے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن لاہور کے دھرنے سے خطاب کریں گے جب کہ ان کا ویڈیو خطاب ویڈیو لنک کے ذریعے ملک بھر میں جاری دھرنوں میں بھی دکھایا جائے گا۔
جماعت اسلامی نے اعلان کیا ہے کہ رات 8 بجے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن آئندہ کے لائحہ عمل کا بھی اعلان کریں گے۔
















