راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے ہنگو میں خوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ خوارج کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن حمزہ اکرم شہید ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع ہنگو میں بھارتی اسپانسرڈ فتنۃ الخوارج کی موجودگی پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا تاہم سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردوں نے بوکھلاہٹ میں مسجد کے اندر پناہ لے کر مسجد کے تقدس کی کھلی پامالی کی، فائرنگ کے تبادلے میں بھارتی اسپانسرڈ فتنۃ الخوارج کے 7 دہشت گرد جہنم واصل کردیے گئے۔
کارروائی کے دوران 27 سالہ کیپٹن حمزہ اکرم نے بہادری سے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا جن کا تعلق ضلع نارووال سے تھا، انہوں نے خوارج کا مسلسل تعاقب کرتے ہوئے بہادری سے لڑتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ مارے جانے والے خوارج سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کر لیا گیا تاہم ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور بے گناہ شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث تھے۔
ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ علاقے میں دیگر بھارتی اسپانسرڈ دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے، عزمِ استحکام وژن کے تحت دہشت گردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مہم پوری قوت سے جاری رہے گی۔
آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ بہادر جوانوں کی قربانیاں ملک کے تحفظ کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، ملک کو غیر ملکی اسپانسرڈ دہشت گردی کے ناسور سے پاک کرنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہیں۔

















