صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع پنجگور میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت نے اپنے بیان میں کہا کہ غیر ملکی پشت پناہی میں سرگرم دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے دہشتگردی کے خلاف سیکیورٹی فورسز کے عزم اور قربانیوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان دشمن دہشتگرد عناصر کے مذموم عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا، جبکہ ملک کے امن و استحکام کے لیے سیکیورٹی فورسز کی کاوشیں قابلِ فخر ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی پنجگور میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عزمِ استحکام وژن کے تحت دہشتگردی کے خلاف فورسز مسلسل کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک سے ہر قسم کی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت اور سیکیورٹی ادارے پرعزم ہیں، دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں آخری دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہیں گی۔
انہوں نے آپریشن میں حصہ لینے والے جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم کو اپنی سیکیورٹی فورسز پر فخر ہے۔
















