Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

سبز ہلالی پرچموں کی بہار؛ مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی مزارِ قائد پر حاضری دی

پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر کراچی میں مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جہاں پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

یومِ آزادی کی مرکزی تقریبات میں سے ایک مزارِ قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب بھی ہے جہاں ہر سال 14 اگست کو پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس اعزازی گارڈز کے فرائض انجام دیتے ہیں۔

مزارِ قائد پر تعینات پاک بحریہ کے اعزازی گارڈز دو دستوں پر مشتمل ہوتے ہیں۔ ایک دستہ پاک بحریہ کے سیلرز جبکہ دوسرا پاکستان نیول اکیڈمی کے کیڈٹس پر مشتمل ہوتا ہے۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی کمانڈنٹ پاکستان نیول اکیڈمی ریئر ایڈمرل محمد عمیر نے مزارِ قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔

تقریب میں ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔

گورنر سندھ نہال ہاشمی اور وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے بھی مزارِ قائد پر حاضری دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ پاکستان دفاعی اعتبار سے ناقابلِ تسخیر ہو چکا ہے اور مسلح افواج نے ملک کے دفاع کے لیے بھرپور صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔

وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ووٹ کی طاقت سے وجود میں آیا اور صوبہ سندھ کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے قیامِ پاکستان کی جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا۔

واضح رہے کہ ملک بھر میں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، دن کا آغاز توپوں کی سلامی اور نمازِ فجر کے بعد ملک کی ترقی، سلامتی، امن، یکجہتی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعاؤں سے ہوا۔

متعلقہ خبریں