Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

آزاد کشمیر کو بھی پنجاب کی سطح پر ترقی دینی ہے، نواز شریف

عوام نے ایک بار پھر اعتماد کیا اور اس اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کی کوئی گنجائش نہیں، صدر ن لیگ

مری: مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے آزاد کشمیر کے حالیہ انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو مبارکباد دی۔

نواز شریف کا کہنا ہے کہ سیاسی مخالفت کو دشمنی میں تبدیل نہیں کرنا چاہیے، عوام نے ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کیا ہے اور اس اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کی کوئی گنجائش نہیں۔ آزاد کشمیر میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت تھی، ہم نے ہمیشہ اپنے سیاسی مخالفین کے ساتھ اچھا سلوک کیا ہے۔

انہوں نے آزاد کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی شکست پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اپنے ساتھیوں کے ہارنے کا دکھ ہے تاہم ایک نشست ہارنے پر حوصلہ نہیں ہارنا چاہیے۔

صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ ہمارے امیدوار اچھے تھے اور انہوں نے بہادری سے مقابلہ کیا۔ آزاد کشمیر کے پہلے دو مرحلوں میں ہی مسلم لیگ (ن) کو اکثریت حاصل ہوگئی تھی۔

نواز شریف کہتے ہیں کہ ماضی کی آزاد کشمیر حکومت عوام کی امنگوں پر پورا نہیں اترسکی تاہم عوام نے ایک مرتبہ پھر مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کی کوئی گنجائش نہیں، جلد مسائل پر قابو پاکر ان سے نکل جائیں گے۔ پاکستان آگے بڑھ رہا ہے، پیچھے نہیں جا رہا۔

نواز شریف نے آزاد کشمیر میں ترقیاتی کاموں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہاں ترقیاتی منصوبے بھرپور انداز میں شروع کیے جائیں۔ آزاد کشمیر کے عوام بھی چاہتے ہیں کہ یہاں اسپتال بنیں جب کہ آزاد کشمیر کا بچہ بھی چاہتا ہے کہ اس کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ ہو۔

صدر مسلم لیگ (ن) نے کہا پنجاب میں ترقی کی بنیاد شہباز شریف نے رکھی اور مریم نواز نے اسے آگے بڑھایا۔ اگر ہم نے عوام کو خدمات فراہم نہ کیں تو آزاد کشمیر کے عوام ناراض ہوں گے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ آزاد کشمیر کو بھی ترقی کے اعتبار سے پنجاب کی سطح پر آنا چاہیے اور جیسے پنجاب بدلا ہے، اسی طرح آزاد کشمیر کو بھی بدلنا ہے جب کہ انہوں نے آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقے ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہاں ہیلی کاپٹر ہونا ضروری ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف آزاد کشمیر حکومت کو ہیلی کاپٹر دیں۔

نواز شریف نے مزید کہا کہ ٹرین صرف مری تک نہیں آنی چاہیے بلکہ مظفرآباد تک بھی آنی چاہیے۔ ماضی میں جن لوگوں نے نعرے لگائے وہ سب بے کار گئے، اب مسائل ختم کرنے ہیں اور آزاد کشمیر کو بھی ترقی دلانی ہے۔

متعلقہ خبریں