اسلام آباد: پاکستان اور فرانس کے درمیان پیرس میں کثیرالجہتی امور پر مشاورت کا اجلاس منعقد ہوا جس میں دونوں ممالک نے دوطرفہ تعاون اور مذاکرات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی کے مطابق پاکستانی وفد کی قیادت وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری برائے اقوام متحدہ نبیل منیر نے کی جب کہ فرانسیسی وفد کی قیادت ڈائریکٹر برائے اقوام متحدہ، بین الاقوامی تنظیمیں، انسانی حقوق و فرانکوفونی ناتھالی براڈہرسٹ نے کی۔
ترجمان کے مطابق پاک فرانس مشاورت 2023 کے دوطرفہ روڈ میپ کے تحت منعقد کی گئی جس کا مقصد کثیرالجہتی شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مستحکم کرنا اور عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تعاون کو فروغ دینا تھا۔
مشاورت کے دوران دونوں ممالک نے کثیرالجہتی نظام کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا اور اقوام متحدہ، 2030 ایجنڈا برائے پائیدار ترقی اور ترقیاتی مالی معاونت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان نے بتایا کہ پاکستان اور فرانس نے کثیرالجہتی نظام اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں اور مقاصد سے اپنی مشترکہ وابستگی کا بھی اعادہ کیا۔ اجلاس میں حالیہ علاقائی اور عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
مشاورت میں فریقین نے اقوام متحدہ سمیت کثیرالجہتی فورمز پر امن و سلامتی سے متعلق معاملات میں رابطوں کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ اجلاس میں اقوام متحدہ کے امن مشنز، انسداد دہشت گردی اور اقوام متحدہ میں اصلاحات سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید بتایا کہ مشاورت میں کثیرالجہتی شعبے میں دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جب کہ باہمی تعاون کے نئے مواقع کی نشاندہی کرتے ہوئے مشترکہ مفاد کے شعبوں میں تعاون کو مزید آگے بڑھانے پر زور دیا گیا۔
دونوں ممالک نے اس بات پر بھی اتفاق کیا کہ پاک فرانس کثیرالجہتی مشاورت کا اگلا دور باہمی رضامندی سے طے شدہ تاریخوں پر اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا۔

















