مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 7 مخصوص نشستوں پر پولنگ کا عمل مکمل ہوگیا جس کے بعد مسلم لیگ ن نے 5 جبکہ پیپلز پارٹی نے 2 نشستیں حاصل کرلیں۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق اسمبلی ہال مظفرآباد میں مخصوص نشستوں کے لیے پولنگ صبح 10 بجے شروع ہوئی۔ خواتین کی 5 مخصوص نشستوں پر 6 امیدوار میدان میں تھے جبکہ پیپلز پارٹی کی امیدوار شاہین کوثر ڈار نے اپنے کاغذات واپس لے لیے تھے۔
ٹیکنوکریٹ کی مخصوص نشست پر مسلم لیگ ن کے بیرسٹر افتخار گیلانی 26 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پیپلز پارٹی کے امیدوار ذوالفقار علی نے 12 ووٹ حاصل کیے۔
علماء و مشائخ کی نشست پر بھی مسلم لیگ ن کے محمد مظہر سعید نے 26 ووٹ حاصل کرکے کامیابی حاصل کی جبکہ پیپلز پارٹی کے حافظ طارق 12 ووٹ لے سکے۔
خواتین کی مخصوص نشستوں پر مسلم لیگ ن کی مریم زمان، مریم ادریس اور سحرش قمر کامیاب ہوئیں جبکہ پیپلز پارٹی کی فرزانہ یعقوب اور زوبیہ خورشید راجہ نے بھی کامیابی حاصل کی۔
اوورسیز نشست پر مسلم لیگ ن کے عبدالرحمان آرائیں پہلے ہی بلامقابلہ رکن اسمبلی منتخب ہوچکے ہیں۔
مخصوص نشستوں کے نتائج کے بعد آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے ارکان کی تعداد 32 ہوگئی ہے جبکہ پیپلز پارٹی کے ارکان کی تعداد 14 تک پہنچ گئی ہے۔ یوں مسلم لیگ ن کی حکومت سازی کی پوزیشن مزید مستحکم ہوگئی ہے۔














