Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کی دفاعی کمیٹی کا پہلا اجلاس آج استنبول میں ہوگا

تینوں ممالک کے درمیان ہونے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کے بعد یہ پہلا اعلیٰ سطحی اجلاس ہے

پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے درمیان رواں ماہ طے پانے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کو عملی شکل دینے کے لیے تینوں ممالک کی مشترکہ کمیٹی کا پہلا اجلاس آج استنبول میں ہوگا۔

ترک وزارت خارجہ کے ذرائع کے مطابق اہم اجلاس میں تینوں ممالک کے اعلیٰ حکام شرکت کریں گے، جبکہ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار بھی استنبول پہنچ چکے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی سرکاری دورے پر ترکیہ پہنچ چکے ہیں اور تینوں ممالک کی دفاعی کمیٹی کے پہلے اجلاس میں ان کی شرکت بھی متوقع ہے۔

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اجلاس میں پاکستان، ترکیہ اور سعودی عرب کے وزرائے خارجہ، وزرائے دفاع اور مسلح افواج کے چیفس آف اسٹاف کی شرکت متوقع ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں بین الاقوامی سلامتی کی صورتحال اور خطے کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، جبکہ تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے پر بھی غور ہوگا۔

اجلاس میں دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے، مسلح افواج کے درمیان بہتر رابطہ اور ہم آہنگی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ دفاعی صنعت میں مشترکہ پیداوار اور تیاری کے امکانات بھی زیرِ بحث آئیں گے۔

تینوں ممالک کے درمیان ہونے والے مشترکہ دفاعی معاہدے کے بعد یہ پہلا اعلیٰ سطحی اجلاس ہے، جسے دفاعی تعاون کے عملی فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔

متعلقہ خبریں