پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان سپر لیگ کے حوالے سے ایک اہم اور غیرمعمولی فیصلہ کر لیا ہے۔ پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن کے میچز بھارت میں ٹیلی کاسٹ نہیں کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے دانستہ طور پر بھارتی ریجن میں نشریاتی حقوق فروخت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم دنیا کے دیگر تمام خطوں کے لیے پی ایس ایل کے براڈکاسٹ رائٹس دستیاب ہوں گے۔
اس فیصلے کے بعد بھارتی کرکٹ شائقین براہِ راست پی ایس ایل میچز دیکھنے سے محروم رہیں گے۔
پی ایس ایل کا گیارہواں ایڈیشن 26 مارچ سے شروع ہو رہا ہے، جسے بھارت کے علاوہ دنیا بھر میں براہ راست دیکھا جا سکے گا۔
اس سیزن میں پی ایس ایل ایک اور بڑی تبدیلی کے ساتھ میدان میں اترے گی۔ لیگ میں دو نئی ٹیموں کا اضافہ کر دیا گیا ہے، جس کے بعد ٹیموں کی مجموعی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔
مزید برآں پی ایس ایل کی تاریخ میں پہلی بار پلیئرز آکشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے، جو 11 فروری کو منعقد ہوگا۔ یہ اقدام لیگ کے ڈھانچے میں ایک نئی جہت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
پی سی بی کے اس فیصلے کو پی ایس ایل کی تاریخ کے اہم موڑ کے طور پر دیکھا جا رہا ہے، جس کے اثرات عالمی کرکٹ مارکیٹ میں بھی محسوس کیے جا سکتے ہیں۔




















