ارجنٹائن کے عظیم فٹبالر ڈیاگو میراڈونا کے 1986 ورلڈ کپ کے متنازع ’ہینڈ آف گاڈ‘ گول میں استعمال ہونے والی تاریخی گیند 25 لاکھ پاؤنڈ میں نیلام ہوگئی۔
یہ گیند 1986 کے ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں ارجنٹائن اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے یادگار میچ کا حصہ تھی۔ میراڈونا نے انگلینڈ کے گول کیپر پیٹر شلٹن کو مات دیتے ہوئے ہاتھ سے گیند جال میں پہنچائی، جسے بعد میں فٹبال کی تاریخ کے سب سے مشہور لمحات میں شمار کیا گیا۔
اسی مقابلے میں میراڈونا نے انگلینڈ کے پانچ کھلاڑیوں کو شاندار ڈرِبلنگ کے ذریعے پیچھے چھوڑ کر ایک اور یادگار گول داغا، جسے ’گول آف دی سنچری‘ کا اعزاز دیا گیا۔
امریکی نیلام گھر ہیریٹیج آکشنز میں فروخت ہونے والی اس گیند کی قیمت 3.3 ملین ڈالر بنی، تاہم نیلامی سے قبل اس کے 10 ملین ڈالر تک پہنچنے کی توقع ظاہر کی گئی تھی۔
میچ کے ریفری علی بن ناصر نے یہ تاریخی گیند کئی دہائیوں تک اپنے پاس محفوظ رکھی۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہی گیند 2022 میں بھی 2.37 ملین ڈالر میں فروخت ہوچکی تھی۔



















