انگلینڈ کے دورے پر موجود پاکستان کرکٹ ٹیم کو میدان میں حریف کے ساتھ ساتھ موسم کی سختی کا بھی سامنا ہے جہاں بعض کھلاڑیوں نے ٹیسٹ کٹس کے معیار اور فٹنگ پر تحفظات ظاہر کیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کو فراہم کی گئی بعض کٹس انگلینڈ کے سرد موسم کے لیے مناسب نہیں۔ کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ کچھ جرسیوں کا کپڑا توقع کے مقابلے میں ہلکا ہے، کئی شرٹس کی فٹنگ ضرورت سے زیادہ ٹائٹ ہے جبکہ بعض کھلاڑیوں کو اپنے سائز کے مطابق کٹس بھی دستیاب نہیں ہو سکیں۔
لیڈز میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ کے دوران تیز سرد ہواؤں نے مشکلات مزید بڑھا دیں۔ صورتحال یہاں تک پہنچی کہ کچھ پاکستانی کھلاڑیوں نے میدان میں اونی سویٹرز کا سہارا لیا، جن کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی گردش کرتی رہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں نے کٹس کی کوالٹی، سائز اور موسم کے مطابق ڈیزائن نہ ہونے پر اپنی تشویش سے متعلق حکام کو آگاہ کیا ہے۔
دوسری جانب ہیڈنگلے ٹیسٹ پاکستان کے لیے مایوس کن ثابت ہوا، جہاں قومی ٹیم کو تیسرے روز ہی اننگز اور 103 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ **27 اگست سے لارڈز** میں شروع ہوگا۔ دوسرے ٹیسٹ میں بابر اعظم کی واپسی متوقع ہے، جبکہ محمد رضوان کو آرام دینے پر غور کیا جارہا ہے۔ فاسٹ ٹریک پروگرام کے تحت نوجوان فاسٹ بولر عبید شاہ کو بھی موقع ملنے کا امکان ہے۔



















