بیجنگ: چین کا انسان بردار خلائی جہاز شینزو-23کامیابی سے تیان گونگ خلائی اسٹیشن کے ساتھ منسلک ہوگیا۔
چین کے انسان بردار خلائی ادارے (سی ایم ایس اے) کے مطابق خلائی جہاز تیان گونگ کے مرکزیماڈیول تیان حہ کے ریڈل پورٹ کے ساتھ تیز اور خودکار انداز میں جڑ گیا، جڑنے کا عمل پورا عمل تقریباً ساڑھے 3 گھنٹے میں مکمل ہوا۔
خلائی اسٹیشن پہنچنے والے تینوں خلابازوں نے وہاں پہلے سے موجود اپنے ساتھیوں سے ملاقات کی جس کے بعد مدار میں عملے کی تبدیلی کا عمل شروع ہو گیا ہے۔
شینزو-23 مشن کے تحت تینوں خلا باز تقریباً چھ ماہ تک تیانگونگ اسپیس اسٹیشن میں قیام کریں گے تاہم اس مشن کی سب سے بڑی خاص بات یہ ہے کہ اس میں ایک خلا باز کو تاریخ میں پہلی بار ایک سال تک خلا میں رہنے کا موقع دیا جا رہا ہے۔
چینی خلائی حکام کے مطابق یہ طویل دورانیہ مشن آئندہ آنے والے شینزو-24 مشن کے ساتھ جڑا ہوا ہے جس کے تحت ایک پاکستانی خلا باز کو بھی مختصر مدت کے لیے تیانگونگ بھیجا جائے گا۔
یہ خلائی جہاز لانگ مارچ 2 ایف راکٹ کے ذریعے اتوار کے روز چین کے شمالی مغرب میں واقع جیو چھوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ کیا گیا تھا۔




















