اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور غیر ملکی شہریوں کے لیے ایسی سہولت متعارف کرائی ہے جس کے تحت وہ پاکستان آمد پر اپنا ذاتی موبائل 120 دن تک مقامی نیٹ ورک پر بغیر ٹیکس ادا کیے استعمال کرسکتے ہیں۔
اس سہولت کا مقصد مختصر مدت کے لیے پاکستان آنے والے افراد کو اپنے موبائل فون پر مقامی سم استعمال کرنے کی اجازت دینا ہے تاکہ انہیں رابطے، بینکاری، سفری سہولیات اور دیگر روزمرہ خدمات کے استعمال میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس سہولت کے تحت درخواست گزار ایک موبائل فون عارضی طور پر رجسٹر کرا سکتا ہے جس کی مدت پاکستان آمد کی تاریخ سے 120 دن تک ہوگی۔ ہر نئے دورے پر دوبارہ درخواست دینا ضروری ہوگا۔
اوورسیز پاکستانی اپنے ہر دورۂ پاکستان پر
120 دن کے لئے اپنے موبائل کی عارضی رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔آج ہی اپنا موبائل رجسٹر کریں:
🔗 https://t.co/NGAqBaV12b#OverseasPakistanis #StayConnected #TaxFreeMobile #PTA #PakistanVisit #DIRBS #MobileRegistration #TravelSmart… pic.twitter.com/h8727ielxv— PTA (@PTAofficialpk) June 15, 2026
رجسٹریشن کے لیے پاسپورٹ نمبر، قومی شناختی دستاویز، اپنے نام پر رجسٹرڈ پاکستانی موبائل نمبر، موبائل کا شناختی نمبر، برقی ڈاک کا پتہ، آمد اور واپسی کی متوقع تاریخ درکار ہوگی۔
اتھارٹی کے مطابق استعمال ہونے والی مقامی سم لازمی طور پر درخواست گزار کے اپنے نام پر ہونی چاہیے بصورت دیگر درخواست منظور نہیں ہوگی تاہم بیرونِ ملک کی سم پر رومنگ سروس استعمال کرنے والے افراد کو اس عارضی رجسٹریشن کی ضرورت نہیں ہوگی۔
موبائل کے شناختی نمبر کے لیے صارف اپنے فون پر مخصوص کوڈ ملاکر معلومات حاصل کرسکتا ہے۔ اگر موبائل میں دو سموں کی گنجائش موجود ہو تو دونوں شناختی نمبرز فراہم کرنا ہوں گے۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ یہ سہولت صرف ایک موبائل فون کے لیے دستیاب ہے اور اسے تجارتی مقاصد یا فروخت کے لیے استعمال نہیں کیا جاسکتا۔ اسی طرح ایک ہی موبائل کو کسی دوسرے شخص کے پاسپورٹ پر دوبارہ عارضی رجسٹر نہیں کرایا جاسکتا۔
اگر کوئی شخص 120 دن سے زیادہ پاکستان میں قیام کرنا چاہے یا مستقل طور پر فون استعمال کرنا چاہے تو اسے باقاعدہ رجسٹریشن کرانا ہوگی اور متعلقہ سرکاری محصولات ادا کرنا ہوں گی۔
ماہرین کے مطابق یہ اقدام بیرونِ ملک پاکستانیوں کے لیے بڑی سہولت ثابت ہوگا تاہم درخواست دیتے وقت شناختی معلومات، موبائل شناختی نمبر اور سم کی ملکیت درست درج کرنا ضروری ہے تاکہ کسی قسم کی تاخیر یا مسئلے سے بچا جاسکے۔




















