Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

واٹس ایپ کا نیا یوزر نیم فیچر، موبائل نمبر شیئر کیے بغیر رابطہ ممکن ہوگا

نئے فیچر کے ذریعے صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کے لیے ایک منفرد یوزر نیم منتخب کر سکیں گے

واٹس ایپ نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت اب صارفین اپنا موبائل نمبر شیئر کیے بغیر بھی دوسروں سے رابطہ قائم کر سکیں گے۔

کمپنی کے مطابق نئے فیچر کے ذریعے صارفین اپنے واٹس ایپ اکاؤنٹ کے لیے ایک منفرد یوزر نیم منتخب کر سکیں گے۔ اس کے بعد دیگر افراد صرف اسی یوزر نیم کے ذریعے انہیں واٹس ایپ پر تلاش کر کے پیغام بھیج سکیں گے، جبکہ فون نمبر شیئر کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔

واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ اس فیچر سے صارفین کی پرائیویسی میں اضافہ ہوگا کیونکہ جن افراد کو صرف یوزر نیم فراہم کیا جائے گا، وہ صارف کے موبائل نمبر تک رسائی حاصل نہیں کر سکیں گے اور نہ ہی اس نمبر پر براہِ راست کال یا ٹیکسٹ میسج بھیج سکیں گے۔

کمپنی کے مطابق رواں ہفتے سے بعض صارفین کے لیے یوزر نیم منتخب کرنے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ یہ فیچر آئندہ چند ماہ کے دوران مرحلہ وار دنیا بھر میں واٹس ایپ کے تقریباً تین ارب صارفین کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔ اس فیچر سے فائدہ اٹھانے کے لیے صارفین کے فون میں واٹس ایپ کا تازہ ترین ورژن انسٹال ہونا ضروری ہوگا۔

واٹس ایپ کے مطابق صارفین ایپ کی سیٹنگ میں جا کر اکاؤنٹ کے ذریعے یوزر نیم کی درخواست دے سکیں گے۔ تاہم یوزر نیم رکھنا لازمی نہیں ہوگا اور صارفین حسبِ سابق اپنے موبائل نمبر کے ذریعے بھی واٹس ایپ استعمال کر سکیں گے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یوزر نیم زیادہ سے زیادہ 35 حروف پر مشتمل ہوگا، جبکہ صارفین کو مستقبل میں اپنا یوزر نیم تبدیل یا حذف کرنے کی سہولت بھی دستیاب ہوگی۔

واٹس ایپ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ معروف شخصیات اور اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کے نام عام صارفین کے لیے دستیاب نہیں ہوں گے تاکہ جعل سازی، نقالی اور آن لائن دھوکہ دہی کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔