واٹس ایپ نے صارفین کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کا عمل شروع کردیا ہے جس کے تحت لوگ اپنے منفرد یوزر نیم پہلے سے ریزرو کرسکیں گے تاکہ آئندہ اس فیچر کے مکمل اجرا کے بعد بغیر فون نمبر کے بھی رابطہ ممکن ہوسکے۔
رپورٹس کے مطابق یہ نیا نظام صارفین کی پرائیویسی بہتر بنانے کے لیے متعارف کرایا جارہا ہے جس کے بعد لوگ ایک دوسرے سے رابطے کے لیے فون نمبر کے بجائے صرف یوزر نیم استعمال کرسکیں گے۔
تاہم ابتدائی مرحلے میں یہ سہولت محدود صارفین کو موبائل ایپ پر دستیاب ہے جب کہ ابھی اس کے ذریعے گفتگو شروع کرنا ممکن نہیں۔
یوزر نیم واٹس ایپ اکاؤنٹ کے ساتھ ایک اضافی شناخت کے طور پر کام کرے گا۔ مستقبل میں صارفین اپنا یوزر نیم شیئر کرکے نئے افراد سے رابطہ کرسکیں گے تاہم جن لوگوں کے پاس پہلے سے نمبر محفوظ ہے وہ اسے دیکھتے رہیں گے۔
واٹس ایپ نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی عوامی ڈائریکٹری یا خودکار تجاویز کا نظام نہیں ہوگا، یعنی کسی سے رابطے کے لیے درست یوزر نیم معلوم ہونا لازمی ہوگا۔
یہ فیچر بتدریج متعارف کرایا جارہا ہے، اس لیے تمام صارفین کو فوری طور پر یہ آپشن نظر نہیں آئے گا۔ صارفین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی ایپ اپ ڈیٹ رکھیں تاکہ جیسے ہی سہولت دستیاب ہوسکے وہ اسے استعمال یا ریزرو کرسکیں۔
یوزر نیم کے قواعد کے مطابق ہر نام منفرد ہونا چاہیے اور اس میں تین سے پینتیس حروف تک شامل ہوسکتے ہیں۔ اس میں چھوٹے حروف، نمبر، نقطہ اور انڈراسکور استعمال کیے جاسکتے ہیں تاہم مکمل طور پر نمبروں پر مشتمل نام یا ممنوعہ الفاظ کی اجازت نہیں ہوگی۔
واٹس ایپ کے مطابق صارفین کو یہ سہولت بھی دی جاسکتی ہے کہ وہ اپنے دیگر سوشل میڈیا اکاؤنٹس جیسے پلیٹ فارمز پر استعمال ہونے والا نام بھی ریزرو کرسکیں۔
کمپنی نے جعلی اکاؤنٹس اور دھوکہ دہی سے بچاؤ کے لیے اضافی سیکیورٹی فیچر بھی متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس کے تحت ایک خصوصی کوڈ کے بغیر کوئی بھی غیر متعلقہ شخص رابطہ نہیں کرسکے گا۔
میٹا کے مطابق یہ نیا نظام رواں سال ہی مکمل طور پر متعارف کرایا جائے گا جب کہ فی الحال اس کی آزمائشی اور مرحلہ وار توسیع جاری ہے۔




















