Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

جدید اے آئی روبوٹس، تنہا افراد کے لیے بہترین ساتھی

ان روبوٹس کو خصوصی طور پر بزرگ افراد، اکیلے رہنے والے شہریوں، گھریلو معلوماتی معاونت اور تعلیمی و تفریحی سرگرمیوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے

 چین کی روبوٹکس کمپنی یو بی ٹیک  نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے لیس جدید انسان نما روبوٹس متعارف کرا دیے ہیں جنہیں تنہائی کا شکار افراد کی صحبت، بزرگوں کی معاونت اور روزمرہ گھریلو کاموں میں مدد فراہم کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یہ جدید روبوٹس لارج لینگویج ماڈلز ، آواز کی پہچان، چہرے کی شناخت اور قدرتی انداز میں گفتگو کرنے کی جدید صلاحیتوں سے لیس ہیں، جس کے باعث وہ صارفین کے ساتھ مؤثر اور فطری انداز میں بات چیت کر سکتے ہیں۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ روبوٹس صارفین سے ہونے والی گفتگو کو یاد رکھنے، مختلف سوالات کے جوابات دینے، اہم امور کی یاد دہانی کرانے اور گھریلو سطح پر بنیادی معاونت فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

یو بی ٹیک کے مطابق ان روبوٹس کو خصوصی طور پر بزرگ افراد، اکیلے رہنے والے شہریوں، گھریلو معلوماتی معاونت اور تعلیمی و تفریحی سرگرمیوں کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے تاکہ صارفین کو زیادہ مؤثر، آسان اور ذاتی نوعیت کا تجربہ فراہم کیا جا سکے۔

کمپنی نے بتایا کہ مستقبل میں ان انسان نما روبوٹس میں صارفین کی عادات، ترجیحات اور ضروریات کو سیکھنے کی صلاحیت بھی شامل کی جائے گی جس کے بعد وہ مزید ذاتی نوعیت کی معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ گھر کے نسبتاً پیچیدہ کام انجام دینے کے بھی قابل ہو جائیں گے۔