ایک ٹیکنالوجی اسٹارٹ اپ ایسے چھوٹے ڈرونز تیار کرنے پر کام کر رہا ہے جو مچھروں جیسے اڑنے والے کیڑوں کو ہوا ہی میں نشانہ بنا کر ختم کر سکتے ہیں۔
امریکی اسٹارٹ اپ ٹورنیول کے انجینئرز جسے وائے کامبینیٹر کی معاونت حاصل ہے مصنوعی ذہانت اے آئی سے چلنے والے مائیکرو ڈرون پر کام کر رہے ہیں جو مچھروں کے خاتمے کی لاگت کو 100 گنا تک کم کر سکتے ہیں۔
یہ ننھے اور حیرت انگیز ڈرونز کے جھنڈ ممکنہ طور پر شہری علاقوں میں مچھروں کا تعاقب کر کے انہیں نشانہ بنا سکتے ہیں جس سے کیمیکل اسپرے یا دیگر مہنگے اور خطرناک طریقوں کی ضرورت کو کم کیا جاسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: چینی کمپنی نے 22 ہزار سے زائد ڈرونز اڑا کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کر دیا
اس حوالے سے ٹورنیول کے شریک بانی ایلکس ٹوسینٹ نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں کمپنی کی جانب سے کیے گئے “پہلے ہوا سے ہوا میں نشانہ بنانے والے کامیاب تجربے” کو دکھایا گیا۔ اس ویڈیو میں ایک چھوٹا ڈرون ایک کیڑے کا تعاقب کرتے ہوئے نظر آتا ہے اور آخرکار ایک کنٹرول شدہ تجرباتی علاقے میں اسے گرا دیتا ہے۔
Extremely excited to announce our first air-to-air kill of a flying moth by an autonomous micro-drone. This is a big step towards completely eradicating mosquitoes. pic.twitter.com/UhtNqwXCQI
— Alex Toussaint (@alextoussss) July 14, 2026
یقیناً یہ کیڑا مچھر نہیں بلکہ ایک پتنگا تھا اور تجربے کی جگہ بھی بہت محدود تھی لیکن یہ بظاہر ایسے ڈرون کی تیاری کی جانب ایک اہم قدم ہے جو ہوا میں موجود کیڑوں کو شناخت کر کے انہیں ختم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہو۔
ٹورنیول کا مقصد ایسے ڈرونز تیار کرنا ہے جن کا وزن صرف 40 گرام ہو۔ یہ ڈرون اسمارٹ فون کے مائیکروفونز، الٹراسونک سینسرز اور خصوصی سافٹ ویئر کی مدد سے کیڑوں کا سراغ لگائیں گے اور انہیں نشانہ بنائیں گے۔
یہ ڈرون ہدف کو نشانہ بنانے کے لیے الٹراسونک لہریں خارج کریں گے اور مائیکروفونز کے ایک نظام کے ذریعے ان لہروں کے واپس آنے والے انعکاس کو سنیں گے چونکہ مچھر کے پروں کی حرکت ایک مخصوص ڈوپلر ساؤنڈ سگنیچر پیدا کرتی ہے اس لیے نظریاتی طور پر یہ ڈرون مچھروں کو دوسرے کیڑوں سے الگ پہچان سکیں گے۔
ٹورنیول کے پیچھے کام کرنے والے انجینئرز ایلکس ٹوسینٹ اور کلوویس پیڈالو امید رکھتے ہیں کہ مستقبل میں ان مائیکرو ڈرونز کے جھنڈ پورے شہری علاقوں سے مچھروں کا خاتمہ کر سکیں گے۔ ان کے مطابق صرف 10 ایسے ڈرونز ایک مربع کلومیٹر علاقے کو خون چوسنے والے اڑنے والے کیڑوں سے پاک کرنے کی صلاحیت رکھ سکتے ہیں۔




















