ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے اپنے صارفین کی ایک دیرینہ خواہش پوری کرتے ہوئے شارٹس ویڈیوز کے لیے نیا کسٹم تھمب نیل فیچر متعارف کرا دیا ہے، جس کے ذریعے تخلیق کار اب اپنی مختصر ویڈیوز کے لیے مرضی کا تھمب نیل منتخب یا اپ لوڈ کر سکیں گے۔
کمپنی کے مطابق اس نئے فیچر کا مقصد تخلیق کاروں کو اپنے مواد کو زیادہ مؤثر انداز میں پیش کرنے کا موقع فراہم کرنا ہے تاکہ ان کی ویڈیوز زیادہ نمایاں ہوں اور زیادہ ناظرین تک پہنچ سکیں۔
ابتدائی مرحلے میں یہ سہولت صرف ان صارفین کے لیے دستیاب ہوگی جو یوٹیوب پارٹنر پروگرام کا حصہ ہیں اور اپنی ویڈیوز سے آمدنی حاصل کر رہے ہیں۔ ایسے تخلیق کار اپنی شارٹس ویڈیوز کے لیے کسٹم تھمب نیل اپ لوڈ کر سکیں گے جس سے ان کے مواد کی پیشکش مزید بہتر ہو جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: یوٹیوبر مسٹر بیسٹ شادی کے بندھن میں بندھ گئے
یوٹیوب نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ یوٹیوب اسٹوڈیو کے ذریعے کمپیوٹر یا لیپ ٹاپ استعمال کرنے والے صارفین پہلے سے شائع شدہ شارٹس ویڈیوز کے تھمب نیلز بھی تبدیل کر سکیں گے۔ اس کے علاوہ انہیں ویڈیو کے تین تجویز کردہ فریمز میں سے کسی ایک کو تھمب نیل کے طور پر منتخب کرنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔
یہ سہولت پہلے صرف طویل دورانیے کی ویڈیوز کے لیے دستیاب تھی تاہم اب اسے شارٹس ویڈیوز تک بھی توسیع دی جا رہی ہے۔ دوسری جانب موبائل ایپ استعمال کرنے والے صارفین پہلے کی طرح ویڈیو کے کسی بھی فریم کو تھمب نیل کے طور پر منتخب کر سکیں گے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ تجویز کیے جانے والے تھمب نیلز ویڈیو کے موضوع، انداز اور مواد کو مدنظر رکھتے ہوئے منتخب کیے جائیں گے تاکہ وہ ناظرین کی توجہ زیادہ مؤثر انداز میں حاصل کر سکیں۔
یوٹیوب کے مطابق اس فیچر کو مرحلہ وار مزید صارفین کے لیے بھی دستیاب کیا جائے گا۔




















