ٹیکنالوجی کی دنیا کی معروف کمپنی ایپل نے ایک اور تاریخی سنگ میل عبور کرلیا کمپنی کی مارکیٹ ویلیو پہلی بار 5 کھرب ڈالر تک پہنچ گئی۔
رپورٹس کے مطابق آئی فون بنانے والی کمپنی کے شیئرز میں اضافے کے بعد ایپل کی مارکیٹ کیپیٹلائزیشن منگل کو مختصر وقت کے لیے 5 ٹریلین ڈالر کی سطح پر پہنچ گئی۔
ایپل کے حصص نے دورانِ کاروبار 342.89 ڈالر فی شیئر کی ریکارڈ بلند ترین سطح کو چھوا جبکہ رواں سال کے آغاز سے اب تک کمپنی کے شیئرز میں تقریباً 25 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یہ پیش رفت ایک ایسے وقت سامنے آئی ہے جب ایپل نے دنیا کی سب سے قیمتی پبلک کمپنی کا اعزاز دوبارہ حاصل کرتے ہوئے چِپ بنانے والی کمپنی این ویڈیا کو پیچھے چھوڑ دیا۔
این ویڈیا اکتوبر میں پہلی بار 5 ٹریلین ڈالر مالیت حاصل کرنے والی کمپنی بنی تھی تاہم بعد میں اس کی مارکیٹ ویلیو میں کمی آئی۔
دوسری جانب ایپل رواں ہفتے اپنی سہ ماہی مالیاتی رپورٹ جاری کرنے جا رہی ہے جبکہ یہ رپورٹ کمپنی کے موجودہ چیف ایگزیکٹو ٹم کک کی بطور سربراہ آخری آمدنی کال بھی متوقع ہے۔ ان کے بعد جان ٹرنَس یکم ستمبر سے کمپنی کی قیادت سنبھالیں گے۔
ایپل نے صارفین کے لیے نیا لیزنگ پروگرام اپ گریڈ بھی متعارف کرایا ہے جس کے تحت امریکی صارفین آئی فون سمیت دیگر مصنوعات خریدنے کے بجائے ماہانہ ادائیگی پر حاصل کرسکیں گے۔
پروگرام کی ابتدائی قیمت 17.99 ڈالر ماہانہ رکھی گئی ہے، جس میں آئی فون کے علاوہ ایپل واچ، میک اور آئی پیڈ بھی شامل ہوں گے۔
ایپل کی یہ کامیابی ٹیکنالوجی انڈسٹری میں کمپنی کی مضبوط پوزیشن اور عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد کو ظاہر کرتی ہے۔




















