گوگل نے مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ تصاویر، ویڈیوز اور گانوں پر نظر آنے والے واٹر مارک کو ہٹانے کا اختیار صارفین کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
گوگل کے مطابق مصنوعی ذہانت سے تیار کی گئی تصاویر میں نظر آنے والے واٹر مارک کو ہٹانے کا نیا اختیار صارفین کو فراہم کیا جائے گا۔ یہ سہولت جیمنائی اور فلو میں دستیاب ہوگی جب کہ گوگل سرچ کے مصنوعی ذہانت پر مبنی انداز میں بھی اسے جلد متعارف کرانے کا منصوبہ ہے۔
یہ تبدیلی صرف تصاویر تک محدود نہیں ہوگی بلکہ جیمنائی اومنی کے ذریعے تیار کی جانے والی ویڈیوز پر موجود واٹر مارک بھی ہٹایا جاسکے گا۔
اسی طرح لائریا کے ذریعے تیار کیے گئے گانوں پر موجود واٹر مارک کو ہٹانے کی سہولت بھی صارفین کو دی جائے گی تاہم جن ممالک میں قانون کے تحت مصنوعی ذہانت سے تیار مواد پر واٹر مارک لگانا لازمی ہے، وہاں یہ اختیار دستیاب نہیں ہوگا۔
گوگل کا کہنا ہے کہ واٹر مارک ہٹانے کے باوجود مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ مواد مکمل طور پر بے نشان نہیں ہوگا۔ کمپنی اپنی پوشیدہ شناختی ٹیکنالوجی اور مواد سے متعلق مخصوص معلومات برقرار رکھے گی۔
یہ پوشیدہ نظام گوگل کو مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیار کردہ مواد کی شناخت میں مدد فراہم کرتے ہیں۔ اسی وجہ سے اگر کسی تصویر سے واٹر مارک ہٹا بھی دیا جائے تو صارفین پھر بھی جیمنائی سے یہ معلوم کرسکیں گے کہ تصویر مصنوعی ذہانت کے ذریعے بنائی گئی ہے یا نہیں۔
جیمنائی دستیاب پوشیدہ شناختی علامات اور دیگر معلومات کا جائزہ لے کر مصنوعی ذہانت سے تیار ہونے والے مواد کی تصدیق کرسکتا ہے۔ اس طرح واٹر مارک موجود نہ ہونے کی صورت میں بھی مواد کی اصل کا اندازہ لگایا جاسکے گا۔
گوگل کا مزید کہنا ہے کہ نئی سہولت کا مقصد تخلیق کاروں کو زیادہ آزادی فراہم کرنا ہے جب کہ مصنوعی ذہانت سے تیار مواد کی شناخت کے لیے کمپنی کے حفاظتی اور شناختی نظام بدستور کام کرتے رہیں گے۔




















