کراچی: شہر قائد میں آج گرم ترین دن ریکارڈ کیا گیا جس دوران پارہ 40 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھوگیا جب کہ کل سے گرمی کی شدت میں کمی متوقع ہے۔
کراچی میں شدید گرمی کی لہر کا آج آخری روز تھا، جہاں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا میں نمی کا تناسب 50 فیصد رہنے کے باعث گرمی کی شدت 45 سے 49 ڈگری سینٹی گریڈ تک محسوس کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے بتایا کہ شہر میں کل سے گرمی کی شدت میں بتدریج کمی آنے کا امکان ہے جب کہ شام کے اوقات میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ سمندری ہواؤں کی بحالی سے موسم میں قدرے بہتری اور گرمی کی شدت میں کمی محسوس ہوگی۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا تھا کہ کراچی میں آئندہ ہفتے تک بارش کا کوئی امکان نہیں ہے تاہم سمندری ہواؤں کے باعث موسم نسبتاً بہتر رہنے کی توقع ہے۔



















