Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

لبنان پر حملے جاری رکھنے کے اعلان پر ٹرمپ برہم؛ نیتن یاہو کو پاگل اور ناشکرا قرار دے دیا

لبنان حملوں پر ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو میں سخت جملوں کا تبادلہ ہوا

امریکی ویب سائٹ کی ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ لبنان حملوں پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے درمیان ہونے والی ٹیلیفونک گفتگو کے دوران سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔

غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے نیتن یاہو کو خبردار کیا کہ بیروت پر مزید حملے اسرائیل کو عالمی سطح پر مزید تنہائی کی جانب دھکیل سکتے ہیں۔

ویب سائٹ کے دعوے کے مطابق ٹرمپ نے گفتگو کے دوران نیتن یاہو پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور انہیں سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بنایا۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ٹرمپ نے نیتن یاہو سے کہا کہ اگر ان کی حمایت نہ ہوتی تو انہیں سنگین سیاسی اور قانونی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا تھا۔

ویب سائٹ کے مطابق امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ دنیا بھر میں اسرائیل کے حوالے سے منفی جذبات میں اضافہ ہو رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق گفتگو کے دوران نیتن یاہو نے نسبتاً محتاط رویہ اختیار کیا اور بیشتر وقت مختصر جوابات دیتے رہے تاہم اس مبینہ گفتگو کے حوالے سے امریکی یا اسرائیلی حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے لبنان میں جنگ بندی اور فوجی کارروائیاں روکنے کے دعوے کے باوجود اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے واضح کر دیا ہے کہ جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج اپنی حکمتِ عملی کے مطابق آپریشنز جاری رکھے گی۔

متعلقہ خبریں