امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران امریکا مفاہمتی یادداشت پر فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کی موجودگی میں دستخط کیے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ انہوں نے ورسائی کے تاریخی محل میں ایران امریکا مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔
دوسری جانب ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے امریکا کے ساتھ طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کی کاپی میڈیا کے ساتھ شیئر کردی ہے جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دستخط بھی شامل ہیں۔
President Pezeshkian and his US counterpart Trump signed the MoU between Tehran and Washington digitally and remotely. pic.twitter.com/ratIJxoeLG
— Iran in India (@Iran_in_India) June 18, 2026
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ اپنی نوعیت کا پہلا بین الاقوامی معاہدہ قرار دیا جا رہا ہے جو الیکٹرانک دستخط کے ذریعے مکمل ہوا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے بھی تصدیق کی ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان مفاہمتی یادداشت کا حتمی متن طے پا چکا ہے اور دونوں فریقین نے اس پر الیکٹرانک دستخط کردیے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق جنگ بندی معاہدے کی باضابطہ تقریب جمعہ کو سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہونا طے ہے جس میں امریکی اور ایرانی وفود کے علاوہ ثالثی میں کردار ادا کرنے والے ممالک پاکستان، سعودی عرب، قطر، ترکیہ اور مصر کے نمائندے بھی شریک ہوں گے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا کہ سوئٹزرلینڈ میں ہونے والی مجوزہ ملاقات سے متعلق حتمی فیصلہ آئندہ چند گھنٹوں میں متوقع ہے۔



















