ازبک فورسز نے کارروائی کرتے ہوئے افغانستان سے ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔
افغان طالبان کے زیرِ قبضہ افغانستان صرف عالمی دہشت گردی کا گڑھ نہیں بلکہ ہائی ٹیک منشیات اسمگلنگ کا بھی نیا مرکز بن گیا۔
ازبک میڈیا رپورٹس کے مطابق ازبک سیکیورٹی فورسز نے افغان سرحد کے قریبی علاقے سرخان دریا میں ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگلنگ کی بڑی کوشش ناکام بنا دی۔
ازبک میڈیا نے بتایا کہ افغان حدود سے نامعلوم افراد نے ڈرون کے ساتھ منشیات باندھ کر ازبک حدود میں بھیجنے کی کوشش کی، اسٹیٹ سیکیورٹی سروس اور بارڈر ٹروپس نے مشترکہ کارروائی کے دوران مشکوک ڈرون کو فضا میں ہی بروقت ٹریس کر لیا۔
ازبک میڈیا کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے اسمگلر ڈرون کو قبضے میں لے کر اس سے دو کلو 32 گرام افیون برآمد کر کے ضبط کرلی، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے واقعہ کا مجرمانہ مقدمہ درج کر کےڈرون کے لانچنگ پیڈ، مطلوبہ خریدار اور سہولت کاروں کیخلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔
عالمی ماہرین کے مطابق ڈرون کے ذریعے منشیات اسمگلنگ افغان طالبان کے انسداد منشیات کے جھوٹے دعوؤں اور سرحدی سیکیورٹی کنٹرول کی مکمل ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ماہرین نے مزید کہا کہ افغان طالبان کے انسداد منشیات کے تمام دعوے منافقت کا پلندہ ہیں،افغان رجیم نے افغانستان کو نارکو ایکانومی پر منحصر ایک ناکام ریاست میں تبدیل کردیا ہے۔















