Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

چین میں طوفانی بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ نے 15 جانیں نگل لیں، سیکڑوں زخمی

آئندہ چند دنوں میں مزید شدید بارشوں کا امکان ہے، محکمہ موسمیات

چین کے وسطی اور جنوبی علاقوں میں مسلسل شدید طوفانی بارشوں نے تباہی مچا دی ہے۔ سڑکیں، پل اور پوری آبادیاں زیر آب آ گئیں، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ سے دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا۔

چینی سرکاری میڈیا کے مطابق اب تک 15 افراد ہلاک، 275 زخمی اور 9 افراد لاپتا ہو چکے ہیں۔ ریسکیو ٹیمیں لاپتا افراد کی تلاش میں دن رات مصروف ہیں اور ہلاکتوں میں اضافے کا اندیشہ ہے۔ حکام نے ہزاروں شہریوں کو متاثرہ علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا ہے۔

چینی صدر شی جن پنگ نے ہنگامی اجلاس بلایا اور متعلقہ اداروں کو سخت ہدایات جاری کیں کہ امدادی کارروائیاں تیز کی جائیں، زخمیوں کو فوری طبی امداد دی جائے اور متاثرہ خاندانوں کی بحالی کو سب سے اہم ترجیح بنایا جائے۔

دوسری جانب جنوبی چین کے خودمختار علاقے گوانگشی میں سمندری طوفان میساک کے باعث صورتحال مزید خراب ہو گئی۔ یہاں کم از کم 2 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 48 ہزار سے زائد لوگ اپنے گھروں سے بے گھر ہو گئے۔

دارالحکومت ناننگ میں سیلاب کی ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔ ایک بڑے آبی ذخیرے کے بند کے ٹوٹنے سے متعدد رہائشی علاقے زیر آب آ گئے، جہاں امدادی ٹیموں نے کشتیوں کے ذریعے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے شدید خدشات کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ آئندہ چند دنوں میں مزید شدید بارشوں کا امکان ہے جس سے سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار رہے گا۔

نشیبی علاقوں کے رہائشیوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل کرنے کی تلقین کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں