Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایرانی فوج کا بحرین، کویت، قطر اور اردن میں امریکی تنصیبات پر حملوں کا دعویٰ

‘ڈرون حملوں کے ذریعے امریکی ہیلی کاپٹروں اور جاسوس طیاروں کو نشانہ بنایا گیا’

ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے مسلسل چھٹے روز کیے جانے والے فضائی حملوں کے جواب میں بحرین، کویت، قطر اور اردن میں امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق بحرین کے سخیر بیس پر ڈرون حملوں کے ذریعے امریکی ہیلی کاپٹروں اور جاسوس طیاروں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ کویت میں بھی ڈرون حملوں کے دوران امریکی میزائل دفاعی نظام کی ایک بیٹری کو ہدف بنایا گیا۔

دوسری جانب کویت کی وزارت دفاع نے تصدیق کی ہے کہ ملکی فضائی حدود میں 32 ڈرونز کی نشاندہی کی گئی جنہیں کویتی مسلح افواج نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مار گرایا۔

وزارت دفاع کے ترجمان کرنل سعود عبدالعزیز العطوان کے مطابق ڈرون حملوں کا ہدف ملک کی متعدد اہم تنصیبات تھیں، تاہم تمام ڈرونز کو کامیابی سے تباہ کردیا گیا۔ ڈرونز کا ملبہ مختلف رہائشی علاقوں میں گرا جس سے کچھ مقامات پر مالی نقصان ہوا تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

کویتی وزارت دفاع نے اپنے بیان میں کہا کہ مسلح افواج قومی سلامتی، شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کے تحفظ کے لیے ہر وقت مکمل طور پر مستعد ہیں اور ہر ممکن خطرے سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔

ادھر قطر کی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ مسلح افواج نے ملک کو نشانہ بنانے والے میزائل حملے کو ناکام بنا دیا۔ ایک میزائل کا ملبہ گرنے سے ایک بچہ زخمی ہوا جسے فوری طبی امداد فراہم کی گئی۔

ایرانی فوج نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اردن میں ایک ہوائی اڈے کو میزائل حملے کا نشانہ بنایا گیا تاہم اس حوالے سے اردن کی جانب سے فوری طور پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا۔

متعلقہ خبریں