Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

دشمن کو ہر اس چیز سے اختلاف ہے جو ہماری طاقت اور استقامت کی علامت ہے، ایرانی صدر

‘دشمن نے ایران میں انتشار پھیلانے کی کوشش کی، عوامی اتحاد نے ملک کو مضبوط رکھا’

ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ دشمن کو ہر اس چیز سے اختلاف ہے جو ہماری طاقت اور استقامت کی علامت ہے۔

صدر مسعود پزشکیان نے سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والے ایک انٹرویو میں کہا کہ آج ایران دنیا میں ایک باوقار اور طاقتور ملک کے طور پر پہچانا جاتا ہے جس کی بنیاد عوامی اتحاد، استقامت اور قومی یکجہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کو مختلف ادوار میں متعدد مشکلات کا سامنا رہا تاہم عوام اور ریاستی اداروں نے مل کر ان چیلنجز کا مقابلہ کیا۔ دشمن نے ملک میں انتشار اور تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش کی لیکن عوام کے اتحاد نے ایران کو مضبوط رکھا۔

ایرانی صدر نے کہا کہ ایران کے ہر شہری کو مساوی حقوق حاصل ہیں اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ تمام شہریوں کے ساتھ انصاف اور برابری کی بنیاد پر یکساں سلوک کرے۔

انہوں نے زور دیا کہ سرکاری عہدے صرف اہل، دیانت دار اور باصلاحیت افراد کو ملنے چاہئیں کیونکہ نااہل افراد کی تقرری مسائل کو جنم دیتی ہے۔ کسی جماعت یا گروہ سے وابستگی کسی شخص کو برتری نہیں دیتی بلکہ اصل معیار صلاحیت، اہلیت اور کارکردگی ہے۔

صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ زیادہ اہل شخص وہ ہے جو کم غلطیاں کرے چاہے اس کی رائے یا نظریہ حکومت سے مختلف ہی کیوں نہ ہو۔

انکا کہنا تھا کہ دشمن نے ایران کے ان کمانڈرز کو شہید کیا جنہوں نے ملک کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ شہید کمانڈرز اور سائنسدانوں کے پاس ذاتی دولت نہیں تھی اور وہ عام شہریوں کی طرح سادہ زندگی گزارتے تھے۔

انہوں نے آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کے کردار کو غیرمعمولی قرار دیتے ہوئے کہا کہ رہبرِ انقلاب نے معاہدے کے معاملے پر ماہرین کی رائے کو قبول کیا تھا اور واضح کیا تھا کہ اگر معاہدے کو اکثریت کی حمایت حاصل ہوگی تو اسے تسلیم کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں