Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

امریکا دوبارہ اپنے سابقہ وعدوں کی پاسداری کے لیے آمادہ ہے، ایران کا دعویٰ

‘ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز میں نئے عارضی بحری راستے کے قیام پر اصولی اتفاق رائے ہو گیا’

ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے نئے انتظامات کے حوالے سے ایران اور عمان کے درمیان مذاکرات حتمی مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں جبکہ امریکا کی جانب سے بھی سابقہ وعدوں پر عمل درآمد کے مثبت اشارے موصول ہوئے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق کاظم غریب آبادی نے بتایا کہ ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز میں نئے عارضی بحری راستے کے قیام پر اصولی اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت بحری آمدورفت کے لیے نیا طریقہ کار متعارف کرایا جائے گا تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ آبی گزرگاہ مکمل طور پر کھول دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ مجوزہ نظام گزشتہ کئی دہائیوں سے رائج انتظام سے مختلف ہوگا جس کے تحت تجارتی جہازوں کی آمدورفت کا بڑا حصہ ایرانی سمندری حدود سے گزرے گا۔ منصوبے پر عمل درآمد کے بعد موجودہ عارضی بحری راستوں کو بند کر دیا جائے گا۔

کاظم غریب آبادی نے بتایا کہ اس منصوبے پر ایران اور عمان کے درمیان تین ہفتوں تک تفصیلی مذاکرات جاری رہے جس کے بعد دونوں ممالک نئے بحری انتظامات پر اتفاق رائے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ واشنگٹن کی جانب سے ایسے مثبت اشارے ملے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا دوبارہ اپنے سابقہ وعدوں کی پاسداری پر آمادہ ہے۔ آبنائے ہرمز سے متعلق آئندہ اقدامات کا انحصار بھی امریکی وعدوں پر عمل درآمد سے منسلک ہوگا۔

متعلقہ خبریں