بھارت کے یومِ آزادی کے موقع پر آج مقبوضہ کشمیر میں یومِ سیاہ منایا جا رہا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل پر کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا کے مختلف حصوں میں مقیم کشمیری بھارتی قبضے کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی اپیل کی مختلف آزادی پسند رہنماؤں اور تنظیموں نے حمایت کی ہے۔ دنیا بھر میں مقیم کشمیری احتجاجی مظاہروں کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ خلاف ورزیوں اور بھارتی اقدامات کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کروا رہے ہیں۔
دوسری جانب بھارتی انتظامیہ نے یومِ آزادی کے موقع پر مقبوضہ کشمیر بالخصوص سری نگر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے ہیں۔ بخشی اسٹیڈیم اور اس کے اطراف متعدد مقامات پر سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ گاڑیوں، مسافروں اور راہگیروں کی تلاشی بھی لی جا رہی ہے۔
مقبوضہ وادی میں اہم شاہراہوں اور حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات ہے جبکہ سیکیورٹی اقدامات کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

















