Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پاسدارانِ انقلاب نے ٹرمپ کے امریکا سے بیک چینل مذاکرات کے دعوے کو مسترد کردیا

پاسدارانِ انقلاب اور امریکی حکام کے درمیان کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہورہے، حسین محمدی

تہران: ایرانی پاسدارانِ انقلاب نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکا اور ایران کے درمیان پسِ پردہ مذاکرات کے دعوے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حکام کے ساتھ کسی بھی سطح پر کوئی مذاکرات نہیں ہورہے۔

پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان حسین محمدی نے ٹرمپ کے دعوے کو حقیقت کے برعکس قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکی مذاکرات سے متعلق امریکی صدر کا بیان محض جھوٹ اور خیالی بات ہے۔

حسین محمدی کے مطابق پاسدارانِ انقلاب اور امریکی حکام کے درمیان کسی قسم کے مذاکرات نہیں ہورہے اور نہ ہی اس وقت امریکا کے ساتھ کسی بھی سطح پر بات چیت جاری ہے۔

ترجمان نے کہا کہ امریکا کی جانب سے بار بار معاہدوں کی خلاف ورزی اور وعدے توڑے جانے کے باعث موجودہ حالات میں واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات کا کوئی امکان نہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکا نے اپنے وعدے پورے نہیں کیے اور معاہدوں کی مسلسل خلاف ورزی کی جس کے باعث ایران کے لیے امریکی حکام پر اعتماد کرنا ممکن نہیں رہا۔

حسین محمدی نے کہا کہ جنگ میں شکست اور مایوسی کے باعث امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وہم اور ڈراؤنے خوابوں کا شکار ہیں، اسی وجہ سے وہ ایران کے ساتھ مذاکرات سے متعلق ایسے دعوے کررہے ہیں جن کی کوئی حقیقت نہیں۔

پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے ایک بار پھر واضح کیا کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات سے متعلق ٹرمپ کا دعویٰ مکمل طور پر حقیقت کے برعکس ہے اور دونوں ممالک کے درمیان کسی بھی سطح پر خفیہ یا براہ راست مذاکرات نہیں ہورہے۔

حسین محمدی نے کہا کہ پاسدارانِ انقلاب ایرانی قوم اور اسلامی جمہوریہ کی طاقت ہے اور ملک کے مفادات کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فاکس نیوز سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا تھا کہ کوئی جلدی نہیں تاہم ایرانی پاسداران انقلاب سے رابطے کے لیے خفیہ راستے موجود ہیں۔

متعلقہ خبریں