Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

اسمارٹ فون کے لیے نیا وی 1 پرو مانیٹر، ویڈیو بنانا مزید آسان

اس حیرت انگیز مانیٹر کے ساتھ ایک وائرلیس ریموٹ اور چھوٹا مقناطیسی مائیکروفون بھی دستیاب ہے

اگر آپ اسمارٹ فون سے اپنی ویڈیو بناتے ہیں تو عموماً سامنے والا (سیلفی) کیمرا استعمال کرنا پڑتا ہے لیکن اگر بہتر معیار کے لیے پچھلا کیمرا استعمال کریں تو اسکرین نظر نہ آنے کی وجہ سے خود کو فریم میں رکھنا اکثر مشکل ہو جاتا ہے۔

اسی مسئلے کا حل پیش کرتے ہوئے کارڈن نے وی 1 پرو نامی ایک چھوٹا مانیٹر متعارف کرایا ہے جو فون کے پچھلے حصے کے ساتھ مقناطیسی (میگنیٹک) طریقے سے جڑ جاتا ہے اور یو ایس بی-سی کے ذریعے منسلک ہو کر آپ کو ریکارڈنگ کے دوران اپنی تصویر دکھاتا ہے۔

یہ ڈیوائس خاص طور پر اکیلے سفر کرنے والوں، وی لاگرز، کانٹینٹ کریئیٹرز اور ان افراد کے لیے انتہائی کار آمد ہے جو دوسروں سے تصویر یا ویڈیو بنانے کی درخواست کرنے کے بجائے خود ہی ریکارڈنگ کرنا چاہتے ہیں۔

کریڈٹ کارڈ جتنے سائز کا یہ مانیٹر چار مختلف برائٹنس لیولز رکھتا ہے اور کمپنی کے مطابق تیز دھوپ میں بھی اس کی اسکرین واضح دکھائی دیتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسمارٹ فون کیس خریدنے پر آئی فون 17 میکس مفت پائیں؛ مگر کہاں؟

اس حیرت انگیز مانیٹر کے ساتھ ایک وائرلیس ریموٹ اور چھوٹا مقناطیسی مائیکروفون بھی دستیاب ہے۔ ریموٹ کی مدد سے صارف فاصلے سے ہی ویڈیو ریکارڈنگ یا تصویر کھینچ سکتا ہے، جبکہ مائیکروفون کپڑوں پر آسانی سے لگایا جا سکتا ہے۔

اسمارٹ فون کے لیے نیا وی 1 پرو مانیٹر، ویڈیو بنانا مزید آسان

یہ مانیٹر جدید اینڈرائیڈ فونز اور یو ایس بی-سی والے آئی فونز (آئی فون 15 اور اس کے بعد کے بیشتر ماڈلز) کے ساتھ کام کرتا ہے۔ اسے استعمال کرنے کے لیے کسی الگ ایپ یا سبسکرپشن کی ضرورت نہیں، صرف فون سے جوڑیں اور استعمال شروع کر دیں۔

V1 Pro آئی فون پر 4K ویڈیو 120 فریم فی سیکنڈ اور اینڈرائیڈ فونز پر 8K ویڈیو 40 فریم فی سیکنڈ تک سپورٹ کرتا ہے۔ اس میں تصویر کو قدرتی انداز میں دکھانے کے لیے مرر فلپ موڈ بھی موجود ہے۔

اس کا مائیکروفون تقریباً ڈیڑھ گھنٹے میں مکمل چارج ہو جاتا ہے اور ساڑھے پانچ گھنٹے تک کام کرتا ہے، جبکہ مانیٹر میں اپنی بیٹری نہیں ہے اور یہ فون سے ہی بجلی حاصل کرتا ہے۔ تاہم اس میں اضافی USB-C پورٹ موجود ہے، جس کے ذریعے پاور بینک لگا کر فون کو ریکارڈنگ کے دوران چارج بھی کیا جا سکتا ہے۔

یہ ڈیوائس واٹر پروف نہیں ہے، لیکن اگر آپ کے فون یا کور پر پہلے سے میگنیٹک رنگ موجود ہو تو یہ اس کے ساتھ بھی آسانی سے استعمال کی جا سکتی ہے۔

وی 1 پرو فی الحال کک اسٹارٹر پر پیش کیا گیا ہے جہاں ابتدائی خریدار اسے 80 امریکی ڈالر میں حاصل کر سکتے ہیں جبکہ مارکیٹ میں اس کی متوقع قیمت 123 امریکی ڈالر رکھی گئی ہے۔ اگر مہم کامیاب رہی تو اس کی ترسیل نومبر سے شروع ہونے کی توقع ہے۔