Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026، پاکستان کی مشروط شرکت پر آئی سی سی نے نوٹس لے لیا

اس اقدام سے پاکستان سمیت عالمی کرکٹ ایکو سسٹم متاثر ہو سکتا ہے، آئی سی سی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں پاکستان کی مشروط شرکت سے متعلق حکومتی بیان کا باقاعدہ نوٹس لے لیا ہے۔

آئی سی سی کا کہنا ہے کہ مشروط شرکت عالمی اسپورٹس ایونٹس کے بنیادی اصولوں کے منافی ہے اور اس سے ٹورنامنٹ کے تقدس پر منفی اثر پڑتا ہے۔

آئی سی سی کے مطابق تمام کوالیفائیڈ ٹیموں سے برابری کی بنیاد پر مقابلے کی توقع کی جاتی ہے، جبکہ منتخب میچز کھیلنے یا نہ کھیلنے کا فیصلہ اسپورٹس مین اسپرٹ، شفافیت اور منصفانہ مقابلے کے اصولوں سے متصادم ہے۔

آئی سی سی نے واضح کیا کہ اس نوعیت کے فیصلے نہ صرف مقابلوں کی روح کو متاثر کرتے ہیں بلکہ شائقینِ کرکٹ کے اعتماد کو بھی ٹھیس پہنچاتے ہیں۔

کونسل کا کہنا ہے کہ وہ حکومتی کردار کا احترام کرتی ہے، تاہم ایسا فیصلہ عالمی کرکٹ اور شائقین کے مفاد میں نہیں۔ آئی سی سی نے خبردار کیا کہ اس اقدام سے پاکستان سمیت عالمی کرکٹ ایکو سسٹم متاثر ہو سکتا ہے۔

آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پر زور دیا ہے کہ وہ اس فیصلے کے طویل المدتی اثرات پر سنجیدگی سے غور کرے۔ مزید کہا گیا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کا کامیاب انعقاد آئی سی سی اور تمام رکن ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

آخر میں آئی سی سی نے توقع ظاہر کی کہ پی سی بی تمام اسٹیک ہولڈرز کے مفاد میں قابلِ قبول اور متوازن حل تلاش کرے گا تاکہ ٹورنامنٹ کی ساکھ، مسابقت اور شائقین کے جذبات محفوظ رہیں۔

متعلقہ خبریں