اسلام آباد: وفاقی حکومت نے سرکاری اخراجات پر قابو پانے کے لیے رواں مالی سال بھی کفایت شعاری کے اقدامات جاری رکھنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ کی جانب سے کفایت شعاری اقدامات میں توسیع کی منظوری دے دی گئی جس کے بعد کابینہ ڈویژن نے فیصلے پر عمل درآمد کے لیے وزارت خزانہ کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔
فیصلے کے تحت گزشتہ 3 سال سے خالی تمام آسامیوں کو ختم کردیا جائے گا جبکہ نئی آسامیوں کی تخلیق پر بھی پابندی برقرار رہے گی اور اسی طرح رواں مالی سال کے دوران ہر قسم کی سرکاری گاڑیوں کی خریداری کی اجازت نہیں ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مشینری اور آلات کی خریداری پر عائد پابندی بھی برقرار رکھی گئی ہے جبکہ سرکاری خرچ پر بیرون ملک علاج اور غیر ضروری غیر ملکی دوروں پر پابندی بھی بدستور نافذ رہے گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ وزارت خزانہ کی جانب سے کفایت شعاری کے ان اقدامات سے متعلق باقاعدہ نوٹیفکیشن جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے۔



















