امریکا نے ایران کے خلاف مسلسل دسویں روز بھی فضائی حملے کیے، جن میں قشم، بندرعباس، چابہار، کنارک اور شیراز میں فوجی اہداف کو نشانہ بنایا گیا۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) کے مطابق تازہ مرحلہ وار کارروائیوں میں ایرانی فوجی کمانڈ مراکز، بحری صلاحیتوں، میزائل اور ڈرون لانچ سائٹس، اور فضائی دفاعی نظام کو ہدف بنایا گیا۔ سینٹکام نے کہا کہ ان کارروائیوں کے باوجود اہم بین الاقوامی بحری گزرگاہوں پر تجارتی جہازوں کی آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ مئی کے آغاز سے اب تک امریکی فورسز نے آبنائے ہرمز میں تقریباً 900 تجارتی جہازوں کو محفوظ راستہ فراہم کیا، جبکہ تقریباً 450 ملین (45 کروڑ) بیرل خام تیل کی ترسیل میں بھی معاونت کی گئی۔
دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ کویت میں احمد الجابر، عریفجان اور علی السالم ایئر بیسز پر موجود امریکی فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، جہاں امریکی میزائل سسٹمز اور MQ-9 ڈرون ہینگر کو نقصان پہنچایا گیا۔ ایرانی فورسز نے بحرین کے علاقے محرق میں امریکی پیٹریاٹ دفاعی نظام، ریڈار اور ایئر ڈیفنس تنصیبات کو بھی حملوں کا ہدف بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔



















