Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

برطانیہ؛ مردہ خاتون سے عطیہ کردہ رحم سے بچے کی پیدائش

ہیوگو کی پیدائش دسمبر 2025 میں مغربی لندن کے ایک مقامی اسپتال میں ہوئی

برطانیہ میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے جس میں پیدائشی طور پر رحم سے محروم ایک خاتون نے مردہ خاتون کے عطیہ کردہ رحم سے ایک صحت مند بچے کو جنم دیا ہے۔

گریس بیل جو پیدائشی طور پر ایم آر کے ایچ نامی سنڈروم میں مبتلا تھی، یہ سنڈروم تقریباً ہر 5000 میں سے ایک عورت کو متاثر کرتا ہے۔ اس بیماری میں بچہ دانی موجود نہیں ہوتی، تاہم بیضہ دانیاں عام طور پر کام کر رہی ہوتی ہیں۔ 16 سال کی عمر میں انہیں بتایا گیا تھا کہ وہ خود کبھی بچے کو جنم نہیں دے سکیں گی۔

تاہم اب تیس کی دہائی میں وہ برطانیہ کی پہلی اور ممکنہ طور پر یورپ بھر میں تیسری خاتون بن گئی ہیں جنہوں نے  انتقال کر جانے والی خاتون کے رحم کی پیوندکاری کے بعد ایک صحت مند بچے کو جنم دیا گریس بیل نے اپنے بیٹے ہیوگو کو ’’ایک معجزہ‘‘ قرار دیا جو کہ اب 10 ہفتے کا ہوچکا ہے۔

واضح رہے کہ دنیا میں رحم کی پہلی کامیاب پیوندکاری 2012 میں کی گئی تھی۔ جبکہ اپریل 2025 میں برطانیہ میں پہلی بار ایک خاتون نے اپنی زندہ بہن کے عطیہ کردہ رحم کے ذریعے صحت مند بچے کو جنم دیا تھا۔ اس کے آٹھ ماہ بعد گریس بیل کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مادر رحم میں بچے کس سبزی کا ذائقہ زیادہ پسند کرتے ہیں، نئی تحقیق میں انکشاف

گریس بیل میں پیوندکاری کا عمل سات گھنٹے تک جاری رہا جبکہ سرجری کے بعد ہارمونز کے ذریعے ماہواری بحال کی گئی، تاہم بیل نے حمل کے لیے آئی وی ایف کا سہارا لیا تھا۔

ہیوگو کی پیدائش دسمبر 2025 میں مغربی لندن کے ایک مقامی اسپتال میں ہوئی، جبکہ پیدائش کے وقت بچے کا وزن تقریباً 7 پاؤنڈ تھا۔

ڈاکٹروں کے مطابق، اگر گریس دوسرا بچہ پیدا کرنا چاہیں تو بعد میں یہ پیوند شدہ رحم نکال دیا جائے گا تاکہ انہیں زندگی بھر مدافعتی نظام کو دبانے والی دوائیں نہ لینی پڑیں۔

متعلقہ خبریں