Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

رانا ثنااللہ نے کامران ٹیسوری کو ہٹانے کی وجہ بتادی

کامران ٹیسوری نگراں حکومت سے پہلے چلے آرہے تھے تو فوری تبدیل کرنا ضروری نہیں سمجھا، رانا ثنااللہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کامران ٹیسوری کو گورنر سندھ کے عہدے سے ہٹانے کی وجہ بتادی

رانا ثنااللہ نے بتایا کہ طے ہوا تھا کہ بلوچستان اور سندھ کا گورنر مسلم لیگ ن سے ہوگا جب کہ ایم کیو ایم سے کبھی وعدہ نہیں کیا تھا کہ گورنر سندھ ایم کیو ایم کا ہوگا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ کامران ٹیسوری نگراں حکومت سے پہلے چلے آرہے تھے تو فوری تبدیل کرنا ضروری نہیں سمجھا گیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ معاملات ٹھیک چل رہے تھے تو کامران ٹیسوری کو تبدیل کرنے کی ضرورت محسوس نہیں کی گئی جب کہ اب ایسی صورتحال پیدا ہوئی کہ گورنر سندھ کو تبدیل کرنا پڑا۔

ان کا کہنا تھا کہ کامران ٹیسوری کا تقرر نگراں سیٹ اپ میں ہوا تھا اور انوار الحق کاکڑ بتاسکتے ہیں کہ کامران ٹیسوری کا تقرر کس کی سفارش پر ہوا۔

راناثنااللہ نے مزید بتایا کہ گورنر کی تبدیلی سے متعلق ایم کیو ایم سے طریقے اور سلیقے سے بات ہوتی رہی ہے اور ایم کیوایم کا سندھ کے گورنر سے متعلق مطالبہ ہی نہیں تھا۔