Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

ایرانی وزیرِ داخلہ کی وزیر اعظم سے ملاقات؛ علاقائی صورتحال پر تبادلۂ خیال

ایرانی وزیرِ داخلہ کا دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار۔

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی نے وزیراعظم ہاؤس میں اہم ملاقات کی جس دوران دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نے دوران ملاقات خلیج میں حالیہ کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تمام فریقوں سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور کشیدگی سے گریز کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے دیانتدار اور مخلص ثالث کے طور پر اپنا کردار جاری رکھے گا۔

وزیراعظم نے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای اور ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے لیے نیک خواہشات اور خیرسگالی کا پیغام دیا۔

ایرانی وزیرِ داخلہ اسکندر مومنی نے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی قیادت کے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ایرانی وزیرِ داخلہ کا کہنا ہے کہ وہ اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ پاکستان آئے ہیں تاکہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دیا جاسکے۔

ایرانی وزیرِ داخلہ نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ثالثی کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کو اہم پیش رفت قرار دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے تہران کے حالیہ دورے اور مرحوم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کا ذکر کرتے ہوئے ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ، طلال چوہدری، ڈاکٹر توقیر شاہ اور اعلیٰ حکام بھی شریک ہوئے۔

پاکستان اور ایران نے دوطرفہ تعاون، علاقائی امن، سیکیورٹی اور باہمی روابط کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔