وفاقی حکومت نے سرکاری ملازمین کے لیے نئے پے اسکیلز 2026 کا نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے تحت بنیادی تنخواہوں کے اسکیلز 2022 کی جگہ نئے پے اسکیلز نافذ العمل ہوگئے ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق پے اسکیلز میں ترمیم کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے اور نیا تنخواہی فریم ورک فوری طور پر نافذ ہوگا۔
نئے پے اسکیلز کے تحت گریڈ 1 کے ملازم کی کم از کم بنیادی تنخواہ 13 ہزار 550 روپے سے بڑھا کر 16 ہزار 280 روپے مقرر کردی گئی ہے جبکہ سالانہ اضافہ بھی 430 روپے سے بڑھا کر 520 روپے کردیا گیا ہے۔
گریڈ 16 کے ملازمین کی بنیادی تنخواہ 33 ہزار 720 روپے سے ایک لاکھ 15 ہزار 320 روپے تک مقرر کی گئی ہے جبکہ گریڈ 17 کے افسران کی ابتدائی تنخواہ 45 ہزار 70 روپے سے بڑھا کر 54 ہزار 140 روپے کردی گئی ہے۔
اسی طرح گریڈ 22 کے اعلیٰ ترین افسران کی کم از کم بنیادی تنخواہ ایک لاکھ 46 ہزار 770 روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ تنخواہ 2 لاکھ 93 ہزار 350 روپے مقرر کی گئی ہے۔
وزارت خزانہ نے نئے پے اسکیلز کے نفاذ کے دوران پیدا ہونے والے ابہامات دور کرنے کے لیے اینوملی کمیٹی بھی قائم کردی ہے۔
ایگزیکٹو اور کنوینس الاؤنس میں بھی اضافہ
وزارت خزانہ نے گریڈ 17 سے گریڈ 22 تک افسران کے لیے ایگزیکٹو الاؤنس کے حوالے سے بھی فیصلہ جاری کردیا ہے، جس کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے ہوگا۔
دوسری جانب وفاقی ملازمین کے کنوینس الاؤنس میں بھی 50 فیصد اضافہ کردیا گیا ہے۔
نئی شرحوں کے مطابق گریڈ 1 سے 4 کے ملازمین کا کنوینس الاؤنس 1 ہزار 785 روپے سے بڑھا کر 2 ہزار 678 روپے، گریڈ 5 سے 10 کے لیے 2 ہزار 898 روپے، جبکہ گریڈ 11 سے 15 کے ملازمین کا الاؤنس 2 ہزار 856 روپے سے بڑھا کر 4 ہزار 284 روپے ماہانہ کردیا گیا ہے۔
گریڈ 16 اور اس سے اوپر کے افسران کا سفری الاؤنس بھی 5 ہزار روپے سے بڑھا کر 7 ہزار 500 روپے مقرر کردیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق ان تمام نئی شرحوں کا اطلاق یکم جولائی 2026 سے کیا جاچکا ہے۔



















