Tue, 21-Oct-2025

تازہ ترین خبریں:

پی ایس ایل 11؛ ملتان سلطانز کو لاہور قلندرز سے شکست کا سامنا

ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز 13 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز ہی بناسکی۔

لاہور: پی ایس ایل سیزن 11 کے گیارہویں میچ میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو 20 رنز سے شکست دے دی۔

لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کی ٹیموں کے درمیان پی ایس ایل سیزن 11 کا گیارہواں میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔

بارش کے باعث میچ کو 13 اوورز تک محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا۔

لاہور قلندرز اننگز

لاہور قلندرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 13 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے، محمد نعیم نصف سنچری کے ساتھ 60 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے۔

علاوہ ازیں پرویز حسین ایمان 45 اور عبداللہ شفیق نے 33 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ سکندر رضا نے 13 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیلی۔

ملتان کی جانب سے محمد اسماعیل نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، پیٹر سڈل اور فیصل اکرم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ملتان سلطانز اننگز

ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز 13 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز ہی بناسکی اور 20 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ملتان کی جانب سے ایشٹن ٹرنر 52 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے جب کہ شان مسعود 44، عرفات منہاس 25 اور صاحبزادہ فرحان 24 رنز بناکر پویلین لوٹے۔

لاہور کی جانب سے مصتفیض الرحمان نے 2 شکار کیے، شاہین آفریدی، عبید شاہ اور سکندر رضا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔