لبیک اللھم لبیک! دنیا بھر سے آئے لاکھوں فرزندانِ اسلام آج حج کے سب سے اہم رکن ’’وقوفِ عرفہ‘‘ کی ادائیگی کے لیے میدانِ عرفات میں جمع ہوں گے۔
سعودی عرب میں مناسکِ حج عقیدت و احترام کے ساتھ جاری ہیں، حجاج کرام منیٰ میں قیام کے بعد آج بڑے قافلوں کی صورت میں عرفات روانہ ہوں گے جہاں وہ خطبۂ حج سنیں گے اور اللہ تعالیٰ کے حضور دعاؤں، توبہ و استغفار میں مصروف رہیں گے۔
گزشتہ روز عازمینِ حج مکہ مکرمہ سے منیٰ پہنچے تھے جہاں انہوں نے ظہر، عصر، مغرب اور عشاء کی نمازیں ادا کیں۔ منیٰ کی فضائیں رات بھر ذکر و اذکار، تلاوتِ قرآن پاک اور لبیک اللھم لبیک کی صداؤں سے گونجتی رہیں۔
آج 9 ذوالحجہ کو مسجدِ نمرہ سے خطبۂ حج دیا جائے گا جبکہ حجاج کرام ظہر اور عصر کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے۔ میدانِ عرفات میں غروبِ آفتاب تک خصوصی دعاؤں اور عبادات کا سلسلہ جاری رہے گا۔
غروبِ آفتاب کے بعد حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہوں گے جہاں کھلے آسمان تلے رات گزارنے کے ساتھ مغرب اور عشاء کی نمازیں ادا کی جائیں گی اور رمی کے لیے کنکریاں جمع کی جائیں گی۔
10 ذوالحجہ کی صبح عازمین دوبارہ منیٰ پہنچ کر بڑے شیطان کو کنکریاں ماریں گے، قربانی اور حلق کے بعد احرام کھول دیا جائے گا جبکہ بعد ازاں طوافِ زیارت ادا کیا جائے گا۔
سعودی حکومت نے شدید گرمی کے پیشِ نظر میدانِ عرفات اور اطراف میں خصوصی انتظامات مکمل کر رکھے ہیں۔ حجاج کی سہولت کے لیے سایہ دار راستے، کولنگ فینز، پانی کی پھوار کا نظام اور آرام دہ راہداریاں قائم کی گئی ہیں تاکہ عازمین کو موسم کی شدت سے محفوظ رکھا جا سکے۔


















